زلزلے کا خواب ایک گہری اور معنی خیز علامت سمجھا جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص خواب میں زمین کو اپنے قدموں کے نیچے ہلتے ہوئے دیکھے تو یہ اس کی روزی، کاروبار یا دنیاوی کوششوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ بعض اوقات یہ خواب رازوں کے ظاہر ہونے، بری خبریں سننے، خوف، عوامی انتشار یا نئی بیماریوں کے ظاہر ہونے کی علامت بھی ہوتا ہے۔
اگر خواب میں دیکھا جائے کہ دیواریں گر رہی ہیں یا زمین دھنس رہی ہے تو اس کا مطلب موت بھی ہو سکتا ہے۔ اگر زلزلہ کسی کھیت یا قابلِ کاشت زمین میں آتا ہے تو یہ زرخیزی یا اچھی فصل کی علامت ہے۔ اگر خواب میں زلزلہ کسی شہر کی عمارتوں کو نقصان پہنچاتا دکھائی دے، تو تعمیرات سے وابستہ لوگوں کے لیے کاروباری ترقی کی نشانی ہے۔ اسی طرح اگر زلزلہ کسی باغ یا پھل دار زمین میں آتا ہے تو وہ سال بھر کی اچھی پیداوار کی خوشخبری دیتا ہے۔ خواب میں زلزلے کو بعض اوقات طاقتور حکمران یا کسی اعلیٰ اختیار کے خوف کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ یہ خواب کسی علاقے میں بڑی تبدیلی، آزمائش یا مصیبت کے آنے کی پیش گوئی بھی کر سکتا ہے۔ اگر خواب میں پہاڑ لرزتے، ٹوٹتے اور پھر اپنی حالت پر لوٹ آتے نظر آئیں تو یہ کسی بڑے واقعے یا حادثے کی علامت ہے جو اس جگہ کو متاثر کرے گا۔اگر خواب میں زمین پھٹتی یا دھنس جاتی ہے اور لوگ دو گروہوں میں تقسیم ہو جاتے ہیں، کچھ بچ جاتے ہیں اور کچھ تباہ ہو جاتے ہیں، تو یہ معاشرتی فساد، ناانصافی یا وبا کی نشاندہی کرتا ہے۔ اور اگر خواب میں زمین لرزتی ہے اور آسمان پھٹتا دکھائی دیتا ہے تو یہ نشانی ہے کہ لوگوں کے گناہوں کی پاداش میں بڑی آزمائش یا آفت آئے گی، جو ان کی جائیداد، مال، کھیتوں اور زندگیوں کو متاثر کرے گی۔ یہ خواب دراصل انسان کو متنبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے اعمال کا جائزہ لے، انصاف، صداقت اور خیر کے راستے پر قائم رہے، کیونکہ کبھی کبھار خواب آنے والے حالات کی ایک روحانی جھلک بھی ہوتے ہیں۔
امام ابن سیرین کے تعبیرات خواب سے اقتباس
رضوان احمد حقانی
